جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بروز ہفتہ 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر خواتین کارکنان سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ 2 ستمبر کو پر امن احتجاج اور ہڑتال کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج کا احتجاج کروڑوں ماؤں اور بہنوں کا نمائندہ احتجاج ہے، تمام پاکستانی 2 ستمبر کو پُر امن احتجاج میں شرکت کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نگراں وزیراعظم لیکچر دیتے ہیں بجلی کے بلوں میں ریلیف نہیں دیتے۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی وجہ سے غریب چیخ رہے ہیں ، لوگ بجلی کا بل ادا کریں یا بچوں کے اسکولوں کی فیس بھریں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوں کی وجہ سے پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی ہے، ہمارا ملک انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف واپڈا دفاتر کے باہر پرامن احتجاج ہوگا جبکہ عنقریب ہم ایک بڑے دھرنے کا اعلان بھی کرنے والے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو خبردار کرتے ہیں زائد بجلی بلوں کا فیصلہ واپس لے،فوری ریلیف نہ ملا تو کراچی سے خیبر تک احتجاج ہوگا عوام کے ہاتھ اور حکمرانوں کے گریبان ہوں گے



















