محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پوری قوم کو غلام بنا کر رکھا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرنسی کو نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ڈبویا گیا ہے، نگراں حکومت نے پاکستان کی معاشی صورتحال مزید خراب کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی سیاسی صورتحال انتہائی خراب ہے، ملک آئی ایم ایف کے فیصلے کے مطابق چل رہا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے پوری قوم کو غلام بنا کر رکھا ہوا ہے۔
محمد حسین محنتی نے یہ بھی کہا کہ بجلی کا بحران حکومت نے مصنوعی طور پر پیدا کیا ہے، آج سے دو سال قبل بجلی کا یونٹ 12 روپے تھا آج 50 روپے فی یونٹ ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف سی کیے گئے معاہدے از سر نظر ڈالی جائے اور آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدے کو ختم کرے۔
محمد حسین محنتی کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے شہر بھر میں بجلی کے بلوں کے خلاف مظاہرے کرتے رہے ہیں، اندرون سندھ سمیت کراچی کے عوام بھی کل بھرپور ہڑتال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بھی آئی ایم ایف کے دباؤ پر بڑھائے جارہے ہیں جبکہ بجلی کے بلوں اور پیٹرول کی قیمتیں تو بڑھائی جارہی ہیں لیکن حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں کی جارہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ سرکاری افسران اور اعلیٰ عہدیداران کو فری بجلی اور فری پیٹرول نہ دیا جائے۔



















