Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی 

ملک بھر میں چینی کی قیمتیں بے قابو ہوگئیں، چینی کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اضافے کے بعد مختلف شہروں میں فی کلو 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

کراچی میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 178 روپے کلو جب کہ ریٹیل مارکیٹ میں 185 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

کوئٹہ میں فی کلو چینی 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جس کے باعث متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے افراد کی قوت خرید ختم ہوگئی ہے۔

لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا جس کے بعد پرچون میں چینی کے نرخ 180 روپے ہو گئے۔

علاوہ ازیں دکانداروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جب کہ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب مر رہا ہے، کسی کو ان کی فکر نہیں۔

واضح رہے کہ چینی کی قیمت میں گذشتہ کئی مہینوں سے اضافہ جاری ہے اور اس کی قیمت جو اس سال کے شروع میں 85 سے 90 روپے فی کلو تھی، صرف آٹھ مہینوں میں 190 روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

چینی برآمد کرنے پر پابندی لگادی

دوسری جانب ملک میں چینی باہر سے منگوانے کے باعث چینی کی قیمتیں مزید بڑھنی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے برازیل میں پاکستانی کمرشل اتاشی کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی امپورٹ کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے پاکستان میں منگوائی جا رہی ہے، محکمہ خوراک کے پاس ا س وقت 10لاکھ ٹن سرپلس چینی کا کیری فارورڈ موجود ہے، محکمہ خوراک کو سرپلس چینی کے ذخائر استعمال کرنا پڑیں گے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ سرپلس چینی کے ذخائر ختم کرنے سے امپورٹڈ چینی مارکیٹ میں آجائے گی جس سے شہری 100روپے کلو سرکاری نرخ والی چینی 220روپے کلو میں خریدنے پر مجبور ہوں گے۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق شہریوں کو ایک کلو چینی پر 120 روپے زیادہ ادا کرنا پڑیں گے۔

متعلقہ خبریں