انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا انعقاد جلدازجلد کرانے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے میڈیا کے نمائندوں سےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بجلی صارفین کو ریلیف کیلئےحقائق پرمبنی غیر روایتی حل تلاش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گردشی قرضہ،بجلی چوری اورلائن لائسز جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، عوامی جذبات مجروح کیے بغیر کم مدت میں مسئلےکا حل تلاش کریں گے
انوارالحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کےذریعےحکمت عملی مرتب کی ہے، معاشی بحالی اور سرمایہ کاری کے حصول پر توجہ مرکوز رہےگی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ عام انتخابات کا انعقاد جلدازجلد کرانےکیلئے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے جبکہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو ہرممکن معاونت فراہم کریں گے۔
نگران حکومت نے بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا پلان بنا لیا
نگران حکومت نے بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا پلان بنا لیا، 3 سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو 3 ہزار روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ستمبر میں تین سو یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں تین ہزار روپے کمی ہو گی، 60 سے 70 ہزار روپے بل والوں کو 13 ہزار روپے کا ریلیف ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے ریلیف پلان آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کردیا، حکومت کو آئی ایم ایف کی جانب سے گرین سگنل کا انتظار ہے۔
دوسری طرف وفاقی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے ماہ رواں میں کسی وقت بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4روپے 96پیسے فی یونٹ اضافے پر غور کر رہی ہے جس کا بوجھ صارفین پر پڑیگا۔



















