شہر قائد سمیت سندھ بھر میں برسوں سے چلنے والے غیر قانونی دھندوں اور سسٹم کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کریک ڈاؤن ہائیڈرنٹ مافیا، سسٹم اور اسمگلنگ مافیا کے خلاف کیا جائیگا جبکہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ رینجرز نے مضبوط مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کا فیصلہ کیا، عسکری حکام کی جانب سے رینجرز کو خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کچے کے ڈاکووں کے خلاف بھی رینجرز آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسٹریٹ کرائم کے خلاف بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینوں پر قبضوں میں ملوث سسٹم کے خلاف لسٹیں تیار ہیں، غیرقانونی ہائیڈرنٹ چلانے والوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ ہوگا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ داخلی و خارجی راستوں پر اسمگلنگ کو روکا جائے گا جبکہ غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عوامی شکایات کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے اور سندھ رینجرز کی جانب سے مربوط حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔



















