آزاد کشمیر کے 7 اضلاع میں مہنگی بجلی کے بلز اور ٹیکسز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔
آزاد کشمیر بھر میں ہزاروں مظاہرین نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور متعدد شہروں میں دھرنے دیئے جبکہ ریاست بھر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکیں بند رہیں۔
اس موقع پر کوٹلی، میرپور اور پونچھ ڈویژن کے لیے تمام قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بند رہی۔
میرپور اور کوٹلی کے عوام کا مہنگائی کے خلاف پارہ ہائی رہا، عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔
ضلع باغ، راولاکوٹ سمیت تمام سب ڈویژنز میں شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع میں ہڑتال کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی جبکہ میڈیکل اسٹورز سمیت دیگر کاروبار بند رہا جبکہ پلندری میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر آئے اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔
ہڑتال کے باعث تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بھی بند کیے گئے اور امن وامان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی۔
ہڑتال کی وجہ سے پونچھ ڈویژن میں رکاوٹیں کھڑی کر کے تمام سڑکیں بند کی گئیں جبکہ بعض مقامات پر لوگوں نے بجلی کے میٹر اتارے اور اپنی زمینوں سے بجلی کے کھمبے بھی اکھاڑے۔



















