Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی: گلشن حدید میں خواتین سے زیادتی کے الزام میں پرنسپل گرفتار، اسکول سیل کردیا گیا

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں خواتین سے زیادتی کے الزام میں اسکول پرنسپل کو گرفتار کرنے کے بعد ان کا اسکول بھی سیل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں نجی اسکول کے پرنسپل کو زیادتی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر حسن سردار کا کہنا ہے کہ ملزم خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بناتا تھا اور پھر زیادتی کی سی سی ٹی وی دکھاکر خواتین کو بلیک میل کرتا تھا، ملزم بلیک میل کرنے کیلئے خواتین سے زیادتی کی ویڈیوز بھی بناتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کے دفتر میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 5 خواتین کی نشاندہی کر لی گئی اور متاثرہ خواتین سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی جب کہ ملزم کے دفتر سے ملنے والی زیادتی کی 25 ویڈیوز برآمد کرلی گئیں۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) سندھ رفعت مختار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیرجانبدار اور شفاف انکوائری کو یقینی بناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

اُدھر  نگران وزیرتعلیم سندھ رعنا حسین کی ہدایت پر4 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کرلی گئی ہے۔ کمیٹی ڈپٹی ڈائریکٹر قربان بھٹو کی سربراہی میں بنائی گئی ہے اور کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ممتازقمبرانی، زید مگسی اور جاوید قاضی شامل ہیں۔

متاثرہ ٹیچر کا پولیس سے رابطہ

گلشن حدید میں نجی اسکول کے پرنسپل کی خواتین ٹیچر سے مبینہ زیادتی کے کیس میں ایک متاثرہ ٹیچر نے پولیس سے رابطہ کیا ہے جس کا بیان جلد ریکارڈ کیا جائے گا۔

تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تفتیش اعلیٰ سطح کی کمیٹی کررہی ہے، کچھ مزید ملزمان سے متعلق بھی معلومات ملی ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر کچھ کارروائیاں کی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش میں مزید دو افراد کے نام سامنے آئے ہیں جن کے پاس ڈی وی آر اور ویڈیوز موجود ہیں، دونوں ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اسکول کو سیل کردیا گیا

گلشن حدید میں اسکول مالک اور پرنسپل کو زیادتی کیس میں گرفتار کرنے کے بعد نگرام وزیرتعلیم رعنا حسین نے کارروائی کرتے ہوئے نجی اسکول سیل کر دیا۔

دوسری جانب ابتدائی تحقیقات میں اسکول کے بھی رجسٹرڈ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس سے قبل وزیرتعلیم سندھ رعنا حسین کی ہدایت پر اسکول کوسیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نجی اسکول رجسٹرڈ نہیں، ضلعی انتظامیہ واقعے پر قانونی کارروائی کرے۔

متعلقہ خبریں