نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے آئی بی اے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری شان ہے، آج یوم دفاع پاکستان ہے، بھارت جیسے بڑے دشمن کو پاک افواج نے شکست دی۔
خلیل جارج نے کہا کہ جب سانحہ جڑانوالہ ہوا تو میں خود گیا، سانحہ جڑانوالہ چند شدت پسندوں نے یہ کام کیا ، یہ پاکستان کی روایت نہیں اور یہ چند شدت پاکستان نہ مسلمان ہیں نہ پاکستانی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کا انتہا پسندانہ چہرہ سامنے آگیا، منی پور میں بھارت انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کررہا ہے، اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ منی پور واقعات کو روکا جائے۔
خلیل جارج کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ میں 128 لوگ گرفتار کیے ہیں، قانون سے کوئی بالاتر نہیں جس نے یہ کام کیا اسکو سزا ملے گی چاہیے میرا کوئی عزیز ہی کیوں نہ ہو۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کشمیر کے حوالے سے بھی ہماری وزارت کام کررہی ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اس پر کوئی ہاتھ ڈالے گا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
نگراں وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج کا مزید کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر شہری شکایات درج کرائیں، ہم ایکشن لیں گے۔



















