Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات اتفاق رائے پر مبنی ہیں، ایئر چیف

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا ہےکہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات اتفاق رائے پر مبنی ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ہوئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے امور، عصر حاضر کی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور نئے ابھرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ معززین نے نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ  کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا جبکہ دونوں معززین نے مشترکہ تربیتی مشقوں اور صلاحیتوں کے تبادلے کے لئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال بھی کیا۔

ترجمان فضائیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ تکنیکی مہارت کے اشتراک اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر پاک فضائیہ اور رائل ایئر فورس کے مابین قریبی تعلقات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

ملاقات میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ہم آہنگی اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق کی گئی کاوشوں کا ذکر کیا جبکہ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ضروریات کے پیش نظر خود انحصاری کے تحت تکنیکی آلات کی تیاری کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابرنے معزز مہمان کو حالیہ برسوں میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی نمایاں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ موجودہ عالمی سلامتی کا ماحول اور فضائی جنگ پر اثرانداز ہونے والے نئے ابھرتے ہوئے عوامل، پاک برطانیہ بہترین شراکت داری کے متقاضی ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات علاقائی امن اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر مبنی ہیں۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے پاک فضائیہ کو جدت سے ہم کنار کرنے پر  موجودہ عسکری قیادت کی تعریف کی گئی جبکہ برطانوی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کی جانب سے تربیتی شعبہء اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لیئے کی گئی حالیہ پیشرفت کی تعریف بھی کی۔

ملاقات میں پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریئٹ نے تربیتی شعبہ میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ملاقات کا اختتام عسکری ہوا بازی کے شعبہ میں ایک پائیدار تعاون کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم پر ہوا، ملاقات دونوں ممالک کی جانب سے خطے کو محفوظ اور مستحکم بنانے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں