Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قلیل مدت کے باوجود معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنائیں گے، نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قلیل مدت کے باوجود معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا جس میں حکومتی اخراجات اور گردشی قرضوں میں کمی اور اسمگلنگ کے مسئلہ پر غور ہوا۔

اجلاس میں آرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور متعلقہ اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر بھی مشاورت ہوئی۔

اجلاس کو ریگیولیشن کو موثر اور تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کو ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان پر عملدرآمد معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ وزراء ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں، نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے اور ان اقدامات کے نفاذ سےآئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں