نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں وفد نے سانحہ جڑانوالہ پر بروقت اقدامات کرنے پر اور جڑانوالہ کا دورہ کرنے پر نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے ان کے ساتھ کھڑی ہے.
نگران وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، ہمارا آئین ذات پات، نسل اور رنگ کے امتیاز کے بغیر تمام شہریوں کو سماجی، مذہبی، سیاسی اور معاشی حقوق دیتا ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے.
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری اپنے مسائل اور تجویز حکومت تک پہنچائے، جہاں تک ممکن ہوا مسائل کا حل کرینگے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اقلیتی برادری پاکستانی افرادی قوت کا بنیادی حصّہ ہے جس کا پاکستان کی ترقی میں ایک اہم کردار ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک دوسرے کے عقیدوں کے احترام سے ہی پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہو سکتی ہے، انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
ملاقات میں وفد نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جناب خالد جارج کی بطور نگران وفاقی وزیر انسانی حقوق تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔
وفد میں سابق صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق پنجاب اعجاز آگسٹن ،سابق رکن قومی اسمبلی آسیہ انصر، بشپ اندریاس، بشپ سیموئیل ازرایا ، بشپ جوزیف ارشاد، بشپ ہمفرے پیٹرز، پاسٹر ہنوک حشمت، پاسٹر اولیور ضیاء شامل تھے جبکہ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر براے انسانی حقوق خالد جارج اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















