ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ حکومت ملک کو ٹیکنالوجی کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کا مرکز بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کی جس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں سہولیات و ترغیبات کے حوالہ سے ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں موجود سہولیات وترغیبات، ان کوفعال و مؤثر اور عصر حاضر کی ٹیکنالوجی کی ضروریات کے مطابق بنانے پر جامع اور مفصل گفتگو بھی ہوئی۔
اجلاس میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز کے تقابلی ماڈل اورموجودہ خصوصی ٹیکنالوجی زونز وخصوصی اقتصادی زونز میں پیش رفت اور چیلنجوں کے بارے میں آگاہ بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ 8 خصوصی ٹیکنالوجی زونز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے 5 مکمل طور پر فعال ہیں۔
اجلاس میں شرکاء نے اختراع، اقتصادی نمو اورٹیکنالوجی میں جدت کے مقاصد کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو چلانے اور اس مقصد کیلئے ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے حکمت عملیوں اور پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے نے قومی معیشت کی ترقی اور نمو کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کی کلیدی اہمیت پر زور دیا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ حکومت ملک کو ٹیکنالوجی کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کا مرکز بنانے میں پرعزم ہے تاہم اس کیلئے ہمیں ٹیکسوں میں چھوٹ دینے پر انحصار کرنے کی بجائے کاروبار اور سرمایہ کاری میں سہولت دینے پر توجہ دینا ہوگی۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے امید ظاہر کی بات چیت اورسفارشات کے نتیجہ میں خصوصی ٹیکنالوجی زونز و خصوصی اقتصادی زونز کو موثر اور فعال انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں وزیر آئی ٹی ڈاکٹرعمر سیف، وزیر اعظم کے مشیراحدچیمہ،سینیٹرافنان اللہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، چئیرمین ایف بی آر، چئیرمین ایس ٹی زیڈاے، چئیرمین سی ڈی اے اور وزارت خزانہ و ایف بی آرکے سینئر افسران نے شرکت کی۔



















