Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور آذربائیجان کے روابط ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، ائیر چیف

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے روابط ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں۔

تفصیلاتر کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے جمہوریہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی جس میں مشترکہ آپریشنل تربیت، ملٹی سپیکٹرم آپریشنز اور باہمی شعبہء جات میں جامع تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی پیش رفت اور ابھرتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی منظرنامے سمیت متعدد موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے آذری سفیر سے پاک فضائیہ کے لئے طے کردہ اپنے تزویراتی وژن کا ذکر کیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پاک فضائیہ کی فضائی، خلائی، سائبر اور الیکٹرانک وارفیئر کے شعبہء جات سے متعلق صلاحیتوں کو جدت سے ہم کنار کرنے کا بھی عزم کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کے دفاعی ہوابازی کے شعبوں سمیت دوطرفہ عسکری تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ ایئر چیف نے مستقبل قریب میں ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں منعقد کی جانے والی فضائی مشق کا ذکر بھی کیا۔

ایئر چیف نے مشترکہ تربیت اور  دونوں فضائی افواج کے مابین مشترکہ آپریشنل فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین تکنیکی صلاحیتوں اور مشترکہ کارروائیوں کے فروغ کا عزم بھی کیا۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے روابط، باہمی تجربات، پائیدار مذہبی، ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں جبکہ پاک آذربائیجان تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

ملاقات میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاک فضائیہ کی جانب سے منعقد کی جانے والی  بین الاقوامی فضائی مشق میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ امن و جنگ ہر قسم کے حالات میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی تاریخی اور پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے۔

معزز مہمان نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ خضر فرہادوف کی جانب سے ‘نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک’ منصوبے کی اہمیت کا اعتراف بھی کیا گیا۔

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی سطح پر قائم کردہ متحرک اور ترقی پذیر ایوی ایشن انڈسٹری اور اس سے حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں کی تعریف کی اور کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے مابین مضبوط سفارتی اور دفاعی تعلقات مستقبل قریب میں ایک مضبوط اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہونگے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں