Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کرپٹ حکمرانوں نے 25کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا، حافظ نعیم الرحمن

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے چکر میں 25کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول و بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک ملک بھر میں جاری ہے، عوام ایسی بھر پور آواز اُٹھائیں اور احتجاج کریں کہ اس کی گونج نہ صرف اسلام آباد بلکہ عالمی سطح تک پہنچے۔

حافظ نعیم الرحمن نے اپیل کی کہ آج  شام 5بجے سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار، کار سوار اپنی گاڑیاں بند کر کے بھر پور احتجاج کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام پیٹرولیم مصنوعات کی ظالمانہ قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں و ٹیکسوں میں کمی نہ کرنے کے خلاف احتجاج کریں جبکہ عوام اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل،ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے جدو جہد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سابقہ پی ڈی ایم سمیت ماضی کی ہر حکومت نے قوم کو آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا، سارے قرضے ظالم و کرپٹ حکمرانوں نے اپنی نا اہلی و کرپشن کی نذر کر دیئے۔

حافظ نعیم الرحمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو ڈیفالٹ کے چکر میں 25کروڑ عوام کو ڈیفالٹ کر دیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر چاروں گورنر ہاؤسز پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ جاگیردار طبقے نے پورے سال میں صرف 4ارب روپے جبکہ ملازمت پیشہ طبقے نے 264ارب روپے کا ٹیکس ادا کیا، اگر اس جاگیردار طبقے سے بھی ٹیکس لیا جائے تو بجلی و پیٹرول کی قیمتیں آدھی ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے  شہر کے 15مقامات پر احتجاج کیا جائے گا اور  حافظ نعیم الرحمن نرسری شاہراہ فیصل پر مرکزی احتجاج میں شرکت کریں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں