Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روزگار میں خواتین کی شرکت بڑھانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نےکہا ہے کہ روزگار میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوانِ صنعت و تجارت کراچی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں صدر مملکت نے بے روزگاری، معاشرے میں بڑھتے تناؤ، خصوصی افراد کیلئے مواقع اور معیشت میں خواتین کی شرکت بڑھانے جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے رضاکارانہ خدمات اور چیمبرز، بینکنگ سیکٹر اور سول سوسائٹی کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کاروباری برادری کو سماجی شعبے کی بہتری اور ضرورت مند طبقات کی مدد کرکے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پورا کرنا چاہیے۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان باہمی تعاون سے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔

صدر مملکت نے ملک میں ایک جامع معاشرے کی تشکیل پر زور دیا اور کہا کہ ایوانِ صنعت و تجارت کے ممبران خواتین کو مستقبل کی صنعت کار بننے اور اُنہیں بااعتماد اور بااختیار بنانے کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔

 صدر مملکت نے خواتین کو کام کی جگہ پر سازگار ماحول فراہم کرنے میں کاروباری برادری کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ روزگار میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو خواتین اور خصوصی افراد کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے چاہئیں، چیمبرز صنعتی شعبے میں خواتین کی 20 سے 25 فیصد ملازمت یقینی بنانے کے لیے فاسٹ ٹریک میکانزم تیار کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ سیکٹر کی گزشتہ تین سالوں میں کامیابیوں کی تعریف کی اور کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے کچھ بینکوں میں خواتین کی 30% نمائندگی کو سراہا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں