چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ ہمیں ایسی معاشی پالیسیاں اپنانی چاہئے جو ماحول دوست ہوں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چین کے شہر ژیان میں یورو-ایشیا اکنامک فورم کے دسویں اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یورو-ایشیا اکنامک فورم کے دسویں اجلاس پر برادر ملک چین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس طرح کے فورمز تعاون کے نئے مواقع فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی اقتصادی تعاون ایک مخصوص جغرافیائی علاقے کے اندر ممالک کیلئے معاشی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محمد صادق سنجرانی نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ان فوائد کا ثبوت ہے جو علاقائی اقتصادی تعاون سے حاصل ہوتے ہیں، سی پیک سے نہ صرف علاقائی انضمام اور مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوئی ہے بلکہ اقتصادی استحکام، انسانی ترقی، ماحولیاتی تغیرات، ثقافتی تبادلے ، سیاسی تعاون اور امن کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل مطلوبہ مقاصد کے حصول کیلئے ناگزیر ہے، ہمیں تجارتی روابط،آزاد تجارتی معاہدے اور پائیدار ترقی کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اختراعات کے حصول میں تعاون پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جبکہ اس طرح کی کاوشوں سے نہ صرف ہماری معیشتوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ نالج شئیرنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں بھی معاونت ملے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں ایسی معاشی پالیسیاں اپنانی چاہئے جو ماحول دوست ہوں، پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے دس ممالک میں شامل ہے جبکہ گرین ہاؤس گیسز میں پاکستان کا حصہ 1 فیصد سے بھی کم ہے
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اجتماعی طور پر اپنے اقتصادی اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، میں عوامی جمہوریہ چین، شانزی صوبے کی عوام اور حکومت، اور ژیان میونسپل اورحکومت کو اس اہم تقریب کی میزبانی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ فورم ہمارے ممالک اور خطے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کے ہمارے عزم کو آگے بڑھانے میں مدد دے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















