Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہید سپاہی شکیل شفقت فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سپاہی شکیل شفقت کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے گزشتہ روز شہید ہونے والے سپاہی شکیل شفقت شہید کی نماز جنازہ آج شہید کے آبائی گاؤں کبیر والا ضلع خانیوال میں ادا کردی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام، شہید کے عزیز واقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

شمالی وزیرستان؛ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شکیل شفقت شہید ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور دہشت گردوں کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شکیل شفقت شہید ہوگئے ہیں، 21 سالہ شہید سپاہی شکیل شفقت کا تعلق خانیوال سے تھا، سپاہی شکیل شفقت نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں