مہنگے پیٹرول سے پریشان افراد نے بچت کے لیے موٹر سائیکلوں میں خطر ناک ایل پی جی کٹ لگوانا شروع کردی۔
نگراں حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 26 روپے تک اضافہ کیا تھا جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 331 روپے 38 پیسے ہوگئی ہے۔ مہنگائی اور آئے روز پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت سے پریشان عوام نے پیٹرول کا متبادل تلاش کرلیا ہے۔
شہریوں نے مہنگے پیٹرول سے بچنے کے لیے موٹرسائیکلوں میں ایل پی جی کٹ لگوانا شروع کردی ہے اور ان کا ماننا ہے کہ پیٹرول کے مقابلے میں ایل پی جی سے اچھی ایوریج مل رہی ہے جو پیٹرول کے مقابلے میں دوگنی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول سے 40 سے 45 کلو میٹر تک سفر ممکن ہوتا ہے جب کہ ایک کلو ایل پی جی سے موٹرسائیکل 100 کلو میٹر تک چل رہی ہے۔
دوسری جانب جیسے ہی شہریوں نے ایل پی جی کٹ لگوانا شروع کیں تو مانگ میں اضافے کے سبب اس کی قیمت میں بھی اضافے دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایل پی جی کی کٹ کی قیمت 4500 سے بڑھ کر 6 ہزار ہوگئی۔
خیال رہے کہ ایل پی جی پر موٹر سائیکل چلانا خطرناک ہے۔



















