نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت سیاحت کے فروغ وتبدیلی کیلئے پرعزم و کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے سیاحت کے عالمی دن سے متعلق تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی بے پناہ سیاحت اور اسے عالمی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کا آج موقع ملا ہے ، تقریب کا عنوان “سیاحت اور سبز سرمایہ کاری” سندھ کے دل کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک پائیدار اور دوست ماحول سے باشعور سیاحتی صنعت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، سیاحت ہمیشہ سے اقتصادی ترقی، روزگار ، ثقافتی و علاقائی ترقی کا ایک طاقتور محرک رہا ہے۔
مقبول باقر نے یہ بھی کہا کہ سندھ اپنے بھرپور ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات کے ساتھ سیاحوں کیلئے ایک اہم مقام ہے، سیاحت سے نہ صرف معاشی فوائد بلکہ پائیدار طریقوں کو فروغ بھی ملتا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی سیاحت کی صنعت کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، قدرتی آفات نے ہمیں سیاحت سے متعلق اپنے نقطہ نظر کا جائزہ لینے اور مستقبل کی حکمت عملی اپنانے پر مجبور کیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت سیاحت کے فروغ وتبدیلی کیلئے پرعزم و کوشاں ہے، اہم اقدامات اور سرمایہ کاری سے سیاحت کے شعبے کو مزید ماحول دوست اجاگر کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صوبے بھر میں ماحول دوست سیاحتی مقامات کی ترقی میں سرمایہ کاری کریں گے اور اس اقدامات سے تحفظ، سیاحتی انفراسٹرکچر اور کمیونٹی کی شمولیت کو ترجیح دیں گے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے یہ بھی کہا کہ قدرتی خوبصورتی کو آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ بنانا ہمارا مقصد ہے، قدرت نے سندھ کو ہوا اور شمسی توانائی کے وافر وسائل سے نوازا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی میں سبز سرمایہ کاری کو فعال طور پر فروغ دے رہے ہیں، منصوبے سے ہمارے سیاحت کے بنیادی انفراسٹرکچر کو پائیدار طریقے سے تقویت ملے گی جبکہ توانائی منصوبے سے ہمارے کاربن فوٹ پرنٹ کم ہوں گے اور ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے ماحول کو محفوظ رکھنے کیلئے کچرے کا مناسب انتظام بہت ضروری ہے، سیاحتی علاقوں میں فضلہ میں کمی اور ری سائیکلنگ کے پروگراموں کو نافذ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ثقافتی ورثہ سیاحوں کے لیے ایک اہم مقام ہے، ماحول دوست سفری سہولیات کو فروغ دینے کیلئے الیکٹرک اور ہائبرڈ بسوں سمیت اپنے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو بڑھائیں گے، ہم ماحول دوست طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ میں سرمایہ کاری کریں گے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے یہ بھی کہا کہ مقامی کمیونٹیز پائیدار سیاحت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ذمہ دارانہ سیاحت کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے مہم شروع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاحت سے متعلق آگاہی مثبت تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہے، صوبے میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیر سیاحت کو سراہتا ہوں جبکہ سیاحت کے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے مزید بہتری کے لیے اپنے تعاون کا یقین بھی دلاتا ہوں۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا مزید کہنا تھا کہ سیاحت کے اس عالمی دن کے موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز ، سول سوسائٹی اور شہریوں سے گزارش کرتا ہوں، پائیدار سیاحت کی جانب ہمارے سفر میں ہاتھ بٹائیں، ہم سب مل کر سندھ کو ماحول دوست سیاحت کا مینار بناکر دنیا کیلئے ایک مثال قائم کر سکتے ہیں۔



















