Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی سوچ نہیں پائی جاتی، نگران وزیر خارجہ

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی سوچ نہیں پائی جاتی، مسئلہ فلسطین کا حل آزاد ریاست ہے اور القدس آزاد فلسطین ریاست کا دارلحکومت ہونا چاہئے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نیویارک میں جنرل اسمبلی کا ایک پورا پروگرام تھا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مختلف کانفرنسز سے خطاب بھی کیا، نگران وزیراعظم ایس ڈی جیز کے اہداف سے متعلق اجلاس میں شریک ہوئے، قدرتی آفات کے حوالے سے اہم اجلاس میں بھی شرکت کی گئی، وزیر اعظم نے کونسل آف فارن ریلیشنز میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے دورہ امریکہ کے دوران ایران کے صدر، ازبکستان کے صدر اور چین کے نائب صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بل گیٹس سمیت متعدد رہنماوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں جب کہ میں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں کشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی۔

نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے کشمیر نے واضح الفاظ میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کا اعلان کیا، رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھارتی افواج کی جارحیت کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے کانفرنس میں بھی شرکت کی، میری 20 کے قریب دوطرفہ ملاقاتیں ہوئی ہیں، دورے کے دوران یو ایس پاکستان بزنس کونسل اور تھنک ٹینک کے ساتھ میٹنگ میں بھی شرکت کی، میں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں کشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی۔

 جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں امریکہ میں بھی سوالات ہوئے لیکن پاکستان ہر فیصلہ قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر کرے گا، پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی سوچ نہیں پائی جاتی، فلسطینوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہئیے، مسئلہ فلسطین کا حل آزاد ریاست ہے، القدس آزاد فلسطین ریاست کا دارلحکومت ہونا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے بارے میں پاکستان کا موقف مستقل ہے، پاکستان کسی ملک کی تقلید نہیں قومی مفاد پر فیصلہ کرے گا، مسئلہ فلسطین اور کشمیر ایک جیسے ہیں، اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منظور کیا ہے، پاکستان کبھی بھی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار نہیں ہوا۔

نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ہمارے ساتھ ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا، پاکستان ایک اہم جمہوری ملک ہے اور اہم کمیٹیوں کا رکن بھی ہے، گزشتہ چند ہفتوں میں پاکستان کے اندر جو دہشتگردی کے واقعات ہوئے ہیں ان پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو شدید تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر سے جو پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں انہیں روکنا افغان عبوری حکومت کی ذمہ داری ہے، افغان عبوری حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ افغانستان کی سرزمین استعمال نہیں ہو گی، ہم امید کرتے ہیں افغان عبوری حکومت اپنی بات کی پاسداری کرے گا۔

متعلقہ خبریں