جمال شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف نے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو بڑھانے اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں فریقین نے ثقافتی شعبے میں تعاون، دوطرفہ ثقافتی تقریبات کے انعقاد، ازبکستان اور پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کے باہمی فروغ کے ساتھ ساتھ نندانہ قلعہ جہلم میں ابو ریحان البیرونی کی لیبارٹری کی تعمیر نو پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
جمال شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثقافتی کارواں کے دوسرے مرحلے کا اہتمام کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ ازبکستان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کو سی پیک ثقافتی کارواں کا حصہ بننے کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا جو علاقائی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ازبکستان کے سفیر اویبک عارف عثمانوف نے ثقافت اور ادبی ورثے کے شعبے میں تعاون پر زور دیا اور ترقی پسند بنیادوں پر مشترکہ ثقافتی منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















