Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشت گرد دنیا اور آخرت دونوں میں جہنم کا ایندھن ہیں، شہبازشریف

 مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد دنیا اور آخرت دونوں میں جہنم کا ایندھن ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے خیبرپختونخواہ، ہنگو، دوآبہ مسجد میں خود کش دھماکوں کی مذمت کی ہے۔

شہبازشریف نے جاں بحق ہونے والے 4 افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ شہبازشریف نے شہید ہونے والے پولیس اہل کار کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس خراج تحسین کی مستحق ہے جس کی فوری فائرنگ سے ایک خودکش تھانہ دوآبہ کے گیٹ پر مارا گیا، شجاعت وبہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو انعام اور اسناد دی جائیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مساجد کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، دہشت گرد دنیا اور آخرت دونوں میں جہنم کا ایندھن ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی جبکہ شہبازشریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔

ہنگو: نمازِ جمعہ میں خودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او ہنگو نثار احمد کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، جاں بحق افراد میں 3 شہری اور 1 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دوآبہ تھانے پر 2 خودکش حملے ہوئے، ایک خودکش دھماکا تھانے کے گیٹ پر  جبکہ دوسرا خودکش دھماکا تھانے کے اندر مسجد میں ہوا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں