Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مہنگائی میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ، ادارہ شماریات کی رپورٹ

ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ماہانہ بنیادوں پر مہنگائی میں 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ 

ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے جس کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح ماہ ستمبر 31.4 فیصد ریکارڈ کی گئی اور اس دوران شہروں کی نسبت دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں زیادہ اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہروں میں مہنگائی میں 1.7 فیصد اور دیہی علاقوں میں 2.5 فیصد بڑھی جب کہ شہری علاقوں میں خوراک کی مہنگائی 33.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں خوراک کی مہنگائی 35.4 فیصد ریکارڈ کی گئی،  گزشتہ مالی سال ستمبر میں 23.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ جولائی تا ستمبر مہنگائی کی اوسط شرح 29.04 فیصد کی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب نگراں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔ ای سی سی کا اجلاس نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ہوگا جس میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال زیر غور آئے گی۔