امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر لٹیروں کا احتساب کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ طویل عرصہ مسلط رہنے والے دو خاندان اب پھر حکمرانی کا خواب دیکھ رہے ہیں، خاندانی بادشاہتوں نے جمہوریت اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔
سراج الحق نے کہا کہ احتساب کے اداروں کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کیا گیا، گھر لوٹ کر باہر جائدادیں بنانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں جاری بدامنی سے حالات مزید خراب ہورہے ہیں، جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر لٹیروں کا احتساب کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر، پٹرولیم منصوعات کی عالمی منڈی میں کمی کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچا، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پٹرول کی فی لیٹر 150روپے کی جائے۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ جماعت اسلامی مسلسل سڑکوں پر ہے اور عوام کے لیے حق مانگ رہی ہے، 8اکتوبر کو کراچی میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل معیشت کی بہتری کی باتیں کرنے والے نوشتہ دیوار پڑھ چکے ہیں، الیکشن التوا کی باتیں کرنے والوں کو شکست نظر آ رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں التوا کی کوئی وجہ نہیں دیکھ رہے، الیکشن التوا ہوا تو بھرپور عوامی، جمہوری، پُرامن مزاحمت کا راستہ اختیار کریں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















