Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کا بھارتی وزیر کے سندھ واپس لینے کے حوالے سے بیان پر ردعمل

پاکستان نے بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کے سندھ واپس لینے کے حوالے سے دیئے گئے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لکھنؤ میں قومی سندھی کنونشن میں بھارتی انتظامیہ کے اہم رکن,اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ و متعصب ہندوتوا پیروکار کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ ریمارکس کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ اتنا ہی قابل مذمت ہے کہ ‘رام جنم بھومی’ کی نام نہاد بحالی کو وزیر اعلیٰ نے اس خطے کو دوبارہ حاصل کرنے کے نظریہ کے طور پر پیش کیا ہے جو کہ پاکستان کا حصہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہندو بالادستی کے ہجوم نے 6 دسمبر 1992 کو ایودھیا میں بھگوان رام کی جائے پیدائش کو واپس لینے کے لیے ڈھٹائی سے تاریخی بابری مسجد کو منہدم کر دیا تھا۔

ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا اشتعال انگیز بیان ’اکھنڈ بھارت‘ کے بے بنیاد دعوی سے متاثر ہے، یہ کلمات ایک نظرثانی اور توسیع پسندانہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جو نہ صرف ہندوستان کے پڑوسی ممالک بلکہ اس کی اپنی مذہبی اقلیتوں کی شناخت اور ثقافت کو بھی مسخر کرنا چاہتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تشویشناک بات ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے پیروکار اپنے نفرت انگیز و متعصبانہ سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اس طرح کے خیالات کو فروغ دے رہے ہی۔

انہوں نے کہا کہ تسلط پسندانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کو پروان چڑھانے کے بجائے، بھارتی راہنماوں کو پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازعات کو حل کرنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ بھارت کو پڑوسی ممالک کے ساتھ مل کر ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کی تعمیر کے لیے کام کرنا چاہیے۔

متعلقہ خبریں