آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہےکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کوئٹہ میں بلوچستان ایپکس کمیٹی کے 14ویں اجلاس ہوا جس میں سی پیک کے تحت جاری پراجیکٹس اور پرائیویٹ پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں فارن کرنسی ریگولرائزیشن کے حوالے سے لیے گئے اقدامات اور بلوچستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے لیے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
صوبائی اپیکس کمیٹی اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں نگران وزیراعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی، وفاقی و صوبائی وزراء ، سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انوار الحق نے زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا جبکہ نگران وزیراعظم نے ترقیاتی اقدامات کے سود مند اثرات کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا
انوار الحق نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت وفاقی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کا فائدہ صوبوں کے عوام کو بھی پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی ناگزیر ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر پورے ملک کے لوگوں پر ہوگا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے علاوہ زراعت، آئی ٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں سرمایہ کاری ہونی چاہیے، بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے اور اس شعبے میں ترقی سے علاقے کے لوگوں کے لیے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراوائی اور کہا کہ ملک کو نقصان سے بچانے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پوری طاقت سے کاروائی کے لیے پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















