نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ دو روزہ دورہ چین کیلئے اسلام آباد سے بیجنگ پہنچ گئے۔
بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی وانگ ژوگانگ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائیڈونگ، پاکستانی سفیر معین الحق اور چین و پاکستان کے اعلی سفارتی اہلکاروں نے نگران وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم سی پیک کے تحت دس برسوں میں ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں، مستقبل کے اہداف اور کلیدی منصوبے پر پاکستان کے بھرپور تعاون کا اعادہ کریں گے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ بی آر ایف کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے علاوہ 18 اکتوبر کو عالمی معیشت پر منعقدہ اعلی سطح فورم سے خطاب کریں گے۔
نگران وزیرِ اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی جبکہ وزیرِ اعظم پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے چین میں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
سنکیانگ اور پاکستان کے عوام کے مابین تعلقات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وزیرِ اعظم ارمچی کا دورہ کریں گے اور مقامی عمائدین و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ نگران وزیراعظم کی اس دوران روس کے صدر ولادمر پیوٹین اور سری لنکن صدر سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















