Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فلسطینی عوام کو پاکستان کی مکمل سفارتی و سیاسی حمایت حاصل ہے ، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو پاکستان کی مکمل سفارتی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 260ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ فورم نے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل دی جانے والی عظیم قربانیوں کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ کانفرنس کے شرکاء نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے دوران مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ فورم کو خطے کی صورتِ حال اور قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے ہر قسم کے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ فورم نے غزہ-اسرائیل جنگ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل کی طرف سے طاقت کے استعمال کے باعث معصوم شہریوں  کے جانی نقصان پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے کئے گئے اقدامات کو،پاکستانی عوام کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کانفرنس کے شرکاء نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کو یکم نومبر 2023تک ملک بد ر کرنے اور وطن واپس بھیجنے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کرنے کا عزم کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل، ان کی سرزمین اور مسلمانوں کے مقدس مقامات پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ غیرقانونی قبضےکے خاتمے کے لیے فلسطینیوں کیساتھ ہیں، پاک فوج ملک بھر میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

جنرل سید عاصم منیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں ذخیرہ اندوزی، سمگلنگ مافیاز اور کارٹلز کے خلاف کارروائیوں کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت دی جائے گی تاکہ ملک کو اس طرح کی معاشی سرگرمیوں کے منفی اثرات سے نجات دلائی جا سکے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تمام غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی اور ڈیپورٹیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں