سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی کیلیے بلاول بھٹو ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ سینکڑوں کارکنوں نے قیادت کو بچاتے ہوئے قربانیاں دیں، کارساز پر کارکن پیچھے نہیں ہٹے اور انہوں نے قیادت کی حفاظت کی ، پیپلز پارٹی کو سازشوں سے نہیں روکا جاسکتا۔
سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ فلسطین میں ہمارے بھائی بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں، فلسطین میں قربانی دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے حکمرانوں کو کہتا ہوں اب نیند سے جاگ جاؤ، ذوالفقار بھٹو کو فلسطین والے اپنا نمائندہ سمجھتے تھے، ہم فلسطین کی آزادی کیلیے ملکی سطح پر ہونے والے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان میں اب سیاسی تجربے بند ہونے چاہیے، انتخابات کروائے جائیں جو عوام فیصلہ کرے اسے اقتدار دیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو کی کامیابی کیلیے دعاگو ہیں، ملک کی خوشحالی کیلیے بلاول بھٹو ضروری ہیں جبکہ پاکستان کی سلامتی کیلیے انتخابات ضروری ہیں۔
پی پی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے آپسی اختلافات بھلادیں اور کارکنان متحد ہو کر انتخابات کی تیاری کریں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















