Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیر صحت سندھ نے نیگلیریا سے بچاؤ کا حل بتادیا

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ہے کہ نیگلیریا سے بچاؤ کا واحد حل پانی میں کلورین کا شامل ہونا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے نیگلیریا سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ نیگلیریا خطرناک ہے جو پانی کے ذریعے پھیلتا ہے، اس سے بچاؤ کا واحد حل پانی میں کلورین کا شامل ہونا ہے۔

نگراں وزیر صحت سندھ نے کہا کہ متعدد مفتیان و علماء کرام اس پر فتوے اور ہدایات دے چکے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے شہر میں سپلائی ہونے والے پانی میں کلورین کا دوبارہ جائزہ لیں جبکہ وضو اور نہاتے ہوئے پانی کو ناک میں ڈالنے میں احتیاط برتیں۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ نیگلیریا سے اس سال 9 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں، نیگلیریا سے مزید اموات سے بچنے کےلیے احتیاطی تدابیر انتہائی ضروری ہیں۔

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے مزید کہا کہ پانی میں مخصوص کلورینیشن سے نیگلیریا سے بچاؤ ممکن ہے، سوئمنگ پولز میں بھی کلورین کی مخصوص مقدار کا لازمی استعمال کیا جائے۔

دوسری جانب نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ای او سی کے کوآرڈینیٹر سندھ ارشاد سوڈھر نے نگراں وزیر صحت کو انسداد پولیو مہم سے متعلق بریفنگ دی۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ حالیہ پولیو مہم میں ویکسینیشن کے اعدادوشمار کے نتائج تسلی بخش ہیں، کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں ویکسینیشن کی مزید ضرورت ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ حالیہ ظاہر ہونے والے پولیو کیس اور سیوریج میں پائے جانے والے سیمپلز کے باعث 30 اکتوبر تا 5 نومبر کراچی بھر میں دوبارہ مہم چلائی جائے گی۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ کراچی کا پولیو وائرس دوسرے شہروں اور دوسری جگہ کا کراچی میں داخل نہ ہو جبکہ کراچی میں داخل ہونے والی مسافر بسوں اور باہر جانے والی مسافر ٹرینوں میں پولیو ویکسین پلائی جارہی ہے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نےکہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے لیے لازمی ویکسین پلوائیں، والدین کا پولیو ٹیم کے ساتھ تعاون کی بدولت ہی پاکستان کو پولیو فری اسٹیٹ بنایا جاسکتا ہے۔

نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نے مزید کہا کہ کنفرم پولیو کیس کی تشخیص اور سیوریج سے حاصل شدہ سیمپلز کے بعد شہر میں انسداد پولیو مہم کا دوبارہ آغاز ناگزیر ہے، جو والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلواچکے ہیں وہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی خاطر دوبارہ ویکسین پلوائیں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔