نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےکہا ہے کہ عام آدمی کے دکھ کم کرنے سے دلی سکون ملتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چٹیانہ تھانے کے بعد رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے جہاں انہوں نے ایمرجنسی،میڈیکل، بچہ وارڈ اوردیگرشعبوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی،مفت ادویات اورمفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے میں پوچھا جس پر مریضوں نے ہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔
مریضوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادویات بھی مل رہی ہیں اورٹیسٹ بھی ہسپتال میں ہورہے ہیں۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت دوردراز کے شہروں کے ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری مشن ہے اورپوری ٹیم ملکر دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ عام آدمی کے دکھ کم کرنے سے دلی سکون ملتا ہے، جتنا بھی وقت ہے دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کررہے ہیں۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔



















