نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات آئین پاکستان کے مطابق ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بول آفس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کشمیری و پاکستانی پوری دنیا میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ منارہے ہیں، بھارت پہلی جنگ کے دوران اقوام متحدہ گیا تھا، بھارت کے مطالبے پر اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو استصواب رائے دینے کی پہلی قرارداد منظور کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے طے شدہ معاہدے سے پیچھے ہٹ گیا، بھارت نے سال 2019میں اپنے آئین کی بھی خلاف ورزی کی، کشمیر اور فلسطین پر ہونے والے مظالم پر ایک نہ ایک دن انسانیت ضرور جاگے گی۔
مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ کشمیر دنیا کی واحد اوپن جیل ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر دس افراد پر ایک فوجی کھڑا ہونے کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، ریاست پاکستان کا بھارت اور اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریں۔
نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسرائیل و بھارت دونوں جارح قوتیں ہیں، مسئلہ فلسطین صرف امت مسلمہ نہیں انسانیت کامسئلہ ہے، صیہونی ظلم کے خلاف مسیحی و یہودی بھی بول رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینے کا آئینی اختیار الیکشن کمیشن کو ہے اور وہ جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن کرانے کا کہہ رہا ہے، حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہورہا ہے دوسرا تیس نومبر تک مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن مانیٹرنگ کے لئے عالمی مبصرین بلالئے ہیں، مجھے کوئی شک نہیں کہ الیکشن جنوری کے آخری ہفتے میں نہیں ہورہے۔
نگران وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے التوا کی باتیں وہ لوگ کررہے ہیں جن کے ذہن الجھے ہوئے ہیں، انتخابات آئین پاکستان کے مطابق ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیول پلئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، بلاول بھٹوزرداری کی لیول پلئنگ فیلڈ سے کیا مراد ہے وہ وہی بہتر بتا سکتے ہیں، الیکشن کمیشن اور حکومت دونوں تمام سیاسی جماعتوں کے لئے لیول پلئنگ فیلڈ یقینی بنارہے ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ میاں نوازشریف مسلم لیگ ن کےقائد ہیں ان کا وطن ہے اچھی بات ہے وہ وطن واپس آئے ہیں، عدالتوں نے میاں نوازشریف کو سزا سنائی تھی اب اپیلیں بھی عدالت نے بحال کی ہیں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















