Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آر ایم بی کا استعمال چین کے ساتھ تجارت میں سہولت فراہم کرے گا، گورنر اسٹیٹ بینک

 گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ آر ایم بی کا استعمال چین کے ساتھ تجارت میں سہولت فراہم کرے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے ضروری ضوابطی فریم ورک قائم کردیا ہے جو تجارت اور سرمایہ کاری کے لین دین میں آر ایم بی کے استعمال میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

جمیل احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ضوابط کے لحاظ سے آر ایم بی کا دیگر بین الاقوامی کرنسیوں جیسے امریکی ڈالر، یورو اور جاپانی ین سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری اور نجی شعبے کے کاروباری اداروں دونوں کو دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کے لیے آر ایم بی کے استعمال کی پوری اجازت ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ تجارت میں آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دینے کی مرکزی بینک کی کوششوں کے نتیجے میں چین سے آر ایم بی میں پاکستانی درآمدات جو مالی سال 18ء میں تقریباً 2 فیصد تھیں ،مالی سال 22ء میں بڑھ کر لگ بھگ 18 فیصد ہوگئیں۔

جمیل احمد نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایم بی میں لین دین کے لیے بینک صارفین کو چین میں ضوابطی فریم ورک سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرکے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کاروباری ادارے چینی منڈی کے بارے میں اپنی سوجھ بوجھ بڑھائیں گے اور زیادہ مسابقتی نرخوں پر آر ایم بی میں تجارت کرنے کے فوائد کا جائزہ لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی آر ایم بی کلیئرنگ سسٹم قائم کرنے کا یہ اقدام چین پاکستان تعلقات کے لیے بالعموم اور پاکستان کی معیشت اور بینکاری نظام کے لیے بالخصوص مفید ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسٹیٹ بینک صارفین اور کاروباری اداروں کے باہمی فائدے کی خاطر چین کے ساتھ معاشی اور مالی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے پالیسی اور ضوابطی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں