Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان

شہرِ قائد کراچی کا موسم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب دن میں اوسطا 80 جبکہ شام میں 50 فیصد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید نمی کے باعث گرمی کی شدت 40 ڈگری سے زائد محسوس کی جاسکتی ہے جبکہ شہرمیں مغرب اور جنوب مغربی سمت سے ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر کے مضافاتی علاقوں نوری آباد، بحریہ ٹائون، کاٹھور اور ایم نائن کے اطراف کہیں کہیں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے اوقات میں شہر کے شمالی علاقوں میں بھی تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتراضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، روہڑی، خیر پور، دادو میں پارہ 32 سے 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، میر پورخاص، مٹھی سمیت ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے جبکہ ٹھٹھہ، بدین سمیت دیگر ساحلی اضلاع میں پارہ 34 سے 36 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔