نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ برے وقت میں پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیہ کے صد سالہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے برادر ملک ترکیہ کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انوار الحق نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923 کو ترک قوم کی عظیم راہنما غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں آزادی کی جدوجہد جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی صورت میں کامیاب ہوئی۔
نگران وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ترک قوم کا اپنی آزادی کیلئے غیر متزلزل عزم اور حوصلہ دنیا بھر میں آزادی پسند لوگوں کیلئے آج بھی قابلِ تقلید اور متاثر کن مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک صدی میں ترکیہ نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کے سنگ میل عبور کئے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان کی بے مثال قیادت میں ترکیہ کی معاشی ترقی اور باہمی امن و خوشحالی کے اہداف کے حصول میں کردار کی عالمی سطح پر پزیرائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جب برادر ملک ترکیہ کے عوام اپنے قیام کی صد سالہ تقریبات منا رہے ہیں تو ان کے پاکستانی بھائی اور بہنیں گزشتہ ایک صدی میں انکی کامیابیوں کے جشن میں انکے شانہ بشانہ ہیں،پاک ترک برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، تقافت اور تاریخ کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ کے پاکستان کیلئے پہلے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے بابائے قوم، قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ پاکستان کے مسلمان آپکے ملک کیلئے محبت و احترام کے جذبات رکھتے ہیں اور اب پاکستان اور ترکیہ دونوں آزاد اور خودمختار ممالک ہونے کے ناطے باہمی فائدے کیلئے اپنے تعلقات مضبوط سے مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کر سکتے ہیں۔
نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ترکیہ کے تعلقات کی سب سے منفرد خاصیت یہ ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ فروری 2023 کا ترکیہ کا زلزلہ ہو،پاکستان میں 2010 اور 2022 کے سیلاب ہو یا 2005 کا زلزلہ، دونوں ممالک ایک دوسرے کے برے وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کیلئے ہمدردی، محبت اور یکجہتی کے جذبات دونوں ممالک کے آپس کے تعلقات کی ایک لازوال داستان کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ کثیر جہتی اسٹریٹجک بالخصوص معاشی میدان میں تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ہم نے پہلے ہی اس سمت میں ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔
انوار الحق نے یہ بھی کہا کہ مضبوط اقتصادی شراکت داری اور مستحکم روابط آنے والے وقت میں ہمارے باہمی تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے اہم ثابت ہونگے،پاکستانی عوام جمہوریہ ترکیہ کی دوسری صدی کے آغاز پر ترکیہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا گو ہیں۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ خدا کرے کہ دونوں اقوام کے مابین یہ محبت و احترام کا منفرد رشتہ ہمیشہ ایسے ہی قائم رہے۔!
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















