Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا اہم اجلاس

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا خصوصی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں پنجاب کی نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں صحت، مواصلات، تعلیم اور دیگر شعبوں میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کو بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں ترقی کے لیے بائیو گیس کی پیداوار کے منصوبوں جیسے جدید پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں انوار الحق کو پنجاب میں نفاذ قانون اور انصاف کی فراہمی کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس حوالے سے نگران وزیراعظم انوار الحق نے متعلقہ حکام کو انصاف کی فراہمی غیر جانبدار اور یقینی بنانے کے لیے مقامی پولیس افسران کے پورے ملک میں تقرریوں اور تبادلوں کے لیے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بین الصوبائی سرحدوں پر نفاذ قانون کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں نگران وزیراعظم نے کچے کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کارروائیوں پر حکومت پنجاب کو سراہا۔

اجلاس میں پنجاب کے مواصلاتی نظام کے حوالے سے لیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جن میں لاہور رنگ روڈ کے جنوبی حصے (SL-3)، گجرانوالہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے اور شاہدرہ میں نئے تعمیر شدہ پل جیسے منصوبے سر فہرست ہیں۔

انوار الحق نے پنجاب حکومت کو مواصلاتی نظام میں بہتری کی کوششوں پر سراہا جبکہ نگران وزیراعظم انوار الحق نے پنجاب حکومت کو خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی ادارے تعمیر کرنے پر بھی سراہا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت اب تک وراثت میں ملا 629 ارب روپے کا قرضہ اتار چکی ہے اور زرعی شعبے میں 76 ارب روپے کے اضفی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم کو دیہات میں ترقیاتی اقدامات اور مزہبی سیاحت کے فروع کے لیے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم کو پنجاب میں نرسوں کی تعداد دگنی کرنے اور انہیں بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تین دن میں این او سی کے اجراء کی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ لاہور میں سموگ کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی کاشت کے بعد باقیات کو نزر آتش کرنا ہے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو فصلوں کو نزر آتش کرنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا مسئلہ بھارت کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھانے کا یقین دلایا جبکہ نگران وزیراعظم نے سید محسن رضا نقوی کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو سراہا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں