ڈاکٹر اعجاز گوہر نے کہا ہے کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (آئی سی بی سی) نے پاکستان میں یوآن (آر ایم بی) کلیئرنگ سروسز کی منظوری دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر اعجاز گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا (ICBC) نے پاکستان میں یوآن (RMB) کلیئرنگ سروسز کی منظوری دے دی ہے، آئی سی بی سی پاکستانی بینکوں کے لیے یوآن ٹرانزیکشن کلیئرنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر اعجاز گوہر نے کہا کہ اس معاہدے سے سرحد پار لین دین آسان ہو جائے گا اور اس معاہدے سے دونوں ممالک کے لیے مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس معاہدے سے برآمد کنندگان کے لیے مزید نئی راہیں کھلیں گی اور چین کے ساتھ تجارت کرتے وقت کرنسی کی تبدیلی کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے ۔
نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر اعجاز گوہر نے مزید کہا کہ میں اپنے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں کہ وہ چین کے ساتھ تجارت کے اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان موجود اقتصادی تعلقات کو مضبوط کریں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















