امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 8فروری کو قومی انتخابات کرانے کے شیڈول کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسلمان حکمران غزہ میں سفاکیت پر اسرائیل کے خلاف اجتماعی جہاد کا اعلان کریں، صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیل کے لیے مزید 14.5ارب ڈالر کی امداد منظور کرلی ہے، امریکی امداد اسرائیل کو قتل عام کا لائسنس جاری کرنے کے مترادف ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاک افغان حکومتیں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے مشترکہ کمیشن تشکیل دیں، افغان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کے لیے متفقہ لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ 8 فروری کو قومی انتخابات کرانے کے شیڈول کا خیرمقدم کرتے ہیں، پارلیمنٹ، انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی ہر صورت میں پابندی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک ماضی کی غلطیوں کو دہرانے اور آئینی بحران پیدا کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، جماعت اسلامی الیکشن کمیشن کو مالی و انتظامی لحاظ سے خود مختار دیکھنا چاہتی ہے۔
سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر حکمرانوں کی خاموشی امریکا کے خوف کی وجہ سے ہے، غزہ کو اسرائیلی جارحیت سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے،19 نومبر کو لاہور میں اہل غزہ سے یکجہتی کے لیے تاریخی مارچ کا انعقاد ہوگا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ حکومت افغان مہاجرین کو جلد بازی میں دربدر نہ کرے، پاکستان افغانستان حکومتیں مشترکہ کمیشن تشکیل دے کر مہاجرین کی باعزت واپسی کا شیڈول بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے غزہ کی صورتحال کے پیش نظر مہنگائی کی تحریک کو موخر کیا، بجلی، پٹرول کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت غریبوں کا خون نچوڑنے کی بجائے بجلی چوری،مفت خوری، لائن لاسز ختم کرے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















