آئی پی پی رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار نے جتنی کرپشن کی کسی اور نے نہیں کی۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان نے حافظ آباد میں آئی پی پی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان دیکھنا ہے تو بزدار کا گھرجا کر دیکھو، بزدار نکمے کو پنجاب پر مسلط کیا گیا جبکہ نااہل عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارنے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا جبکہ ان کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن اور مہنگائی ہوئی، تبدیلی سرکار نے جتنی کرپشن کی کسی اور نے نہیں کی لیکن اب کی بار ان لوگوں کو اپنے انجام تک پہنچانا ہے۔
علیم خان نے یہ بھی کہا کہ 5 سال حکومت کرنے والوں نے مہنگائی کی، کیا عوام مہنگائی کرنے والوں کو ووٹ دیں گے؟ حکومت ملی تو ہر مزدور کی تنخواہ 50ہزار کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018میں 95روپے پیٹرول تھا آج کہاں پہنچ گیا ، 2011 میں بجلی کی قیمت11 روپے فی یونٹ تھی اور آج 60 روپے فی یونٹ ہے جبکہ آٹا 37 روپے کلو تھا اور آج 200 روپے کلو ہے۔
آئی پی پی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ملنے کے بعد امیر سے پیسے لےکر غریبوں کودیں گے جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول سستا دیں گے، 290 روپے لیٹر والا پیٹرول 140 روپے دیں گے اور 300 یونٹ تک بجلی فری فراہم کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے ادا کریں گے ،موقع ملا تو بی آئی ایس پی کی رقم بڑھائیں گے جبکہ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
علیم خان نے یہ بھی کہا کہ گاؤں میں غریبوں کو گھر بنا کر دیں گے جبکہ گاؤں میں سرکاری زمینوں پر 3۔3 مرلے کے پلاٹ بنیں گے ،بے روزگار نوجوانوں کو بلاسود قرضہ دیں گے اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے فیکٹریاں بھی لگائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد حافظ آباد میں کارڈیالوجی ہسپتال بنائیں گے ، خواتین کو گھروں میں بیٹھ کر روز گار مل سکے گا جبکہ غریب کے بجلی کے بل حکومت ادا کرے گی۔
آئی پی پی رہنما علیم خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملنے کے بعد ہر گھر میں صاف پانی پہنچائیں گے جبکہ جہانگیر ترین کی سربراہی میں کسانوں پر زیادہ فوکس کریں گے کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















