اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےکہا ہےکہ قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے دہشتگروں کے حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکاروں کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشتگردی کے ناسور سے نبردآزما ہیں، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔
پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردوں کا سیکیورٹی فورسز پر حملہ گھناؤنا فعل ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پوری قوم فوجی جوانوں کی شہادتوں پر افسردہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور افسران نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، مادر وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اپنے بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا بھی کی۔
گوادر :سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ،14 فوجی جوان شہید
گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں پسنی سے اورماڑہ جانے والی سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر حملہ ہوا، افسوسناک واقعے میں 14 فوجی جوان شہید ہوئے، حملے کے بعد علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے گھات لگا کر قافلے پر حملہ کیا، حملے میں ملوث دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے، فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



















