اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نےکہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگروں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہونے والے چار فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ لیفٹننٹ کرنل محمد حسن حیدر ، نائک خوشدل خان، نائک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے بہادری کی لازوال داستان رقم کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ راجہ پرویز اشرف نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
راجہ پرویز اشرف نےکہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ مشترکہ کوششوں سے جلد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔
خیبر؛ سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید، 3 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے تیرہ میں انٹیلی بیسڈ آپریشن کیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں ٹیم نے مؤثر کارروائی کی، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا اور ان کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شہداء میں ٹیم لیڈر اسلام آباد کے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، لکی مروت کے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ کے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری کے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















