Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر عارف علوی کا نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خط

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے نام خط لکھا جس میں صدر مملکت نے نگران وزیر اعظم کو بنیادی حقوق اور ہموار سیاسی میدان کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے خدشات پر غور کرنے کا کہا۔

صدر مملکت نے نگراں وزیراعظم کو لکھے گئے خط کے ساتھ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کا خط بھی بھجوایا ہے۔

خط میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا غیر جانبدار اکائی کے طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو ہموار میدان فراہم کرنا بےحد اہم ہے ، آئندہ انتخابات میں  تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی حقوق اور مواقع  فراہم کرنے کی نگران حکومت کی پالیسی پرآپ کے حالیہ بیانات باعثِ اطمینان ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پختہ یقین ہے کہ جمہوریت ہی پاکستان کے عوام اور ریاست کیلئے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے ، عوام کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور  آزاد میڈیا کے ذریعے رائے کا اظہار  کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ آزادانہ ، منصفانہ اور مستند الیکشن پر پورے پاکستان میں اتفاق ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر مملکت ، وزیر اعظم اور تمام اداروں سمیت شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کے الزامات پر مشتمل خط  آپ کو ارسال کررہا ہوں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی وابستگیاں رکھنے والے افراد کی جبریوں گمشدگیوں  کے بڑھتے ہوئے واقعات پر میڈیا میں بھی بحث ہوئی ، لوگوں کی سیاسی وابستگیاں اور وفاداریاں بدل جانے پر ایسے واقعات تشویش کا باعث بنتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ خواتین سیاسی ورکرز کی طویل نظر بندی  یا عدالت کی جانب سے ریلیف کے بعد بار بار دوبارہ  گرفتاریاں  معاملے کو مزید حساس بنا دیتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے ، آئین کے آرٹیکل  17 کے تحت سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19  ہر شہری کو آزادی اظہارِ رائے  کے ساتھ  آزاد پریس  کا حق دیتا ہے ، نگران وزیر اعظم اور حکومت کے سربراہ ہونے کے ناطے ، ان معاملات پر غور کریں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں