Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا کہ حکومت ، ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی میں معاون ثابت ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کی موثر روک تھام کیلئے مزیداقدامات منظم اور مربوط انداز میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اجلاس میں بھتہ خوری سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر سےآ ہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم دہراتے ہوئے بھتہ خوری کے مکمل خاتمے کیلئے ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلا کر ایک جامع اور موثر حکمت عملی ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

 اجلاس میں صوبے میں غیر قانونی موبائل سموں ، بھتہ خوری ، حوالہ ہنڈی ، غیر قانونی اسلحہ ، سمگلنگ ، جعلی دستاویز سازی، منشیات کی سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اب تک کی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایپکس کمیٹی اجلاس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی پر خصوصی نظر رکھنے اور ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیازکارروائیاں جاری رکھنے جبکہ منشیات کی تیاری اور سپلائی میں ملوث بڑے مگر مچھوں کے خلاف کریک ڈاﺅن تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس سلسلے میں انٹی نارکاٹکس فورس، محکمہ ایکسائز اور پولیس کو مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں دفاع وطن کا فرض نبھاتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور پولیس کے متعدد اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

محمد اعظم خان نے کہا کہ ان شہداءنے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

 نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے مزید کہا کہ حکومت ، ادارے اور پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، دہشتگردی میں معاون ثابت ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کو جڑ سے ختم کرنا ہو گا۔

پشاور میں منعقدہ ایپکس کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں  کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات ، نگران صوبائی وزیر خزانہ احمد رسول بنگش ، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹرجنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈا پور ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجیدکے علاوہ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں