گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو متحد ہونے کا درس دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں نے کہا کہ آج شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ قوم اور ایک آزاد ملک کا تصور پیش کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، علامہ محمد اقبال نوجوانوں کو شاہین کی طرح خوددار اور ان میں اعلی اخلاق کی خصوصیات دیکھنا چاہتے تھے۔
علامہ محمد اقبال نے ہمیشہ مسلمانوں کو متحد ہونے کا درس دیا ہے، نوجوان نسل شاعر مشرق کے فلسفہ خودی کی روح کو سمجھ کر اپنے اندر شاہین جیسی خصوصیات پیدا کریں۔
ہمیں علامہ محمد اقبال کے خودی،اتحاد اور امید کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے کلام میں عقل و دانش کے خزانے چھپے ہوئے ہیں۔
آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ملکی مفاد کے لیے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھ کر ایک قوم بن کر سوچیں گے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال کا یومِ پیدائش
شاعر مشرق اور حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146واں یوم پیدائش آج ملی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔
مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبال 9 نومبر1877کوسیالکوٹ میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا، آپ نے قانون اور فلسفے ميں ڈگرياں لیں لیکن جذبات کے اظہار شاعری سے کیا۔
شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔
ملت اسلامیہ کو ” لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری “ جیسی آفاقی فکردینے والےعلامہ اقبال نے قانون اورفلسفےمیں ڈگریاں لیں لیکن انہوں نےجذبات کے اظہار کیلئے شاعری کا سہارالیا۔
علامہ اقبال نے اپنے خیالات اشعار کی لڑی میں ایسے پروئے کہ وہ قوم کی آوازبن گئے۔
شاعرمشرق نےاپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ یورپ اورانگلستان میں گزارا لیکن انہوں نے انگریزوں کا طرز رہن سہن کبھی نہیں اپنایا، اپنی شاعری میں علامہ اقبال نےزیادہ ترنوجوانوں کومخاطب کیا، علامہ اقبالؒ کو دورِ جدید کا صوفی بھی سمجھا جاتا ہے۔
علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا۔ اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔
علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دُنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے، انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔
آپ 21 اپریل 1938 کو ساٹھ سال کی عمر میں لاہور میں انتقال فرما گئے آپ کا مزار بادشاہی مسجد کے سائے میں مرجع خلائق ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















