نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ میں قتل عام فوری طور پر روکا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ریاض میں منعقدہ مشترکہ عرب و اسلامی غیر معمولی سربراہ اجلاس میں شرکت کی جبکہ اجلاس میں نگران وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سیکرٹری خارجہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں قابض صہیونی فوج کی جانب سے مسلسل اور ظالمانہ جارحیت کی واضح اور شدید مذمت کی۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے خطاب میں اسرائیل کی ان ظالمانہ کاروائیوں اور غزہ کے غیر انسانی و غیر قانونی محاصرے کو غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی شہادتوں، بڑے پیمانے پر تباہی اور نقل مقانی کا ذمہ دار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کوجہنم بنا دیا ہے،اسرائیلی افواج فلسطین میں بین الاقوامی انسانی قوانین اور انسانی حقوق کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں، اسرائیلی افواج کا مسلسل اور بلاتفریق نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا استعمال جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کیلئے اسکا محاسبہ کرے جبکہ فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی، غزہ کے محاصرے کو ختم اور غزہ کے لوگوں تک امداد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
نگران وزیرِ اعظم کا کہناتھا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بہن بھائیوں اور انکے حقِ خود ارادیت کے حصول کیلئے انکے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کے بطور دارلخلافہ کے ساتھ ایک خودمختار، پائیدار، محفوظ اور یکجا فلسطینی ریاست کے فوری قیام کو خطے میں دیر پا امن و سلامتی کی ضمانت قرار دیا۔
نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی کی جارہی ہے، عالمی قانون بےگناہ شہریوں کے قتل عام سے روکتا ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سلامتی کونسل پر غزہ میں قتل عام رکوانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، غزہ میں شہریوں کا قتل عام بند کیا جائے جبکہ عالمی میڈیا غزہ میں بامقصدانداز میں کوریج یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں بمباری سےاسپتال ،اسکول بھی محفوظ نہیں جبکہ غزہ میں اقوام متحدہ کے دفاتر تک بمباری سے محفوظ نہیں، غزہ کی صورتحال کا مستقل حل خودمختار ریاست کے قیام میں ہے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں غیر مشروط اور فوری سیز فائر کیا جائے، غزہ میں فوری طور پر انسانی امدادکی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ فلسطینی شہریوں کا قتل عام مزید تنازعات کو جنم دے گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















