ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کئی سالوں سے قریبی اقتصادی تعلقات قائم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیراعظم ڈاکٹر جمشید خدجایف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں نگران وفاقی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ان کا نور خان ائیربیس پر استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ان کے حالیہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کئی سالوں سے قریبی اقتصادی تعلقات قائم ہیں جبکہ ڈاکٹر خدجایف کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ تین سالوں میں 27 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 126 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو کہ اب بھی اپنی حقیقی قدر سے بہت کم ہے لیکن اس میں اضافے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔



















