Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے 2 سپاہیوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

 خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 12 اور 13 نومبر کی رات فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے 2 سپاہیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ شہید ہونے والے 2 سپاہیوں کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 سالہ سپاہی محمد سہیل شہید کا تعلق تھرپارکر سے تھا جبکہ 25 سالہ سپاہی شہید عبداللہ کا تعلق مردان سے تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسروں، شہداء کے اہلخانہ اور مقامی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دونوں شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کو تقویت دیتی ہیں۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 12 اور 13 نومبر کی رات فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا جبکہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارا عزم مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں