مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نےکہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہبازشریف کی بلوچستان کی اہم سیاسی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں محمد نوازشریف نے کہا کہ گوادر کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے دو دن کا سفر کم ہوکر آٹھ گھنٹے رہ گیا ، گوادر سے کوئٹہ ساڑھے چھ سو کلومیٹر کی سڑک تعمیر کرکے بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں، اس سڑک کی تعمیر کے دوران چالیس سے زائد نوجوان شہید ہوئے تھے، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو شاہراہ تعمیر کرکے جنوبی بلوچستان کے علاقوں کو سندھ سے جوڑا گیا، اِن دونوں سڑکوں کی بنیادہم نے 1998-1999 میں رکھی تھی، ہگلہ اور ڈی آئی خان کی بنیاد بھی ہم نے رکھی تھی، اس منصوبے پر چار سال کام رُکا رہا پھر سابق وزیراعظم شہباز شریف نے دوبارہ کام شروع کرایا۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ جاپان کے تعاون سے راکھی گاج سے بے واتا تک سڑک بنائی جو شمالی بلوچستان کو جنوبی پنجاب (ڈی جی خان) سے جوڑتی ہے، ہم نے قلات ، کوئٹہ، چمن ،خضدار، کراچی دورویہ (این 25) پر کام شروع کیا، اس پر کام نہ روکا جاتا تو اب تک مکمل ہوتی لیکن سولہ ماہ کی حکومت میں پھر کام شروع ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے 1998-1999 میں کوسٹل ہائی وے کی بنیاہم نے د رکھی تھی، گلگت سکردو ہائی وے ہم نے شروع کی، 62 ارب روپے کی لاگت سے ہم نے ہی مکمل کی، بلوچستان کے لئے ترقی اور ڈیویلپمنٹ کا جو کام ہم نے شروع کیاتھا، ہماری حکومت کے بعد وہ سفر روک دیا گیا۔
نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کے لئے ہمارا شوق تھا ہماری محبت اور ہماری فکر تھی، ہم نے 1998 میں گوادر کی ترقی کا سفر شروع کیا تھا یہ آج اور کل کی بات نہیں ہے، بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، ہم نے بلوچستان میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھانے کا سلسلہ شروع کیا تاکہ غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 400 سے زائد چھوٹے ڈیم کے منصوبے شروع کئے، بلوچستان اور سابق قبائلی علاقوں کے پانچ ہزار سے زائد طالب علموں کو وظائف دیئے جبکہ دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کو ہم نے مکمل طور پر ختم کیا۔
نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ پسماندہ علاقوں کے ان ہزاروں بچوں نے وظائف پر بہترین تعلیمی اداروں سے تعلیم حاصل کی، تربت، خضدار، ڈیرہ مراد جمالی، پشین، گوادر، نوشکی اور وڈھ میں یونیورسٹی کیمپس کھولے جہاں ہزاروں نوجوان زیر تعلیم ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے مزید کہا کہ ہم گوادر تک پانی پہنچا چکے تھے بعد میں کام رک گیا، ہمیشہ سب کو ساتھ لے کر چلے،سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت پر چلیں گے، سب کے ساتھ تعاون کا رشتہ جوڑا تھا اور اس رشتے کو مزید مظبوط بنائیں گے۔
ملاقات میں سیاسی قائدین نے نوازشریف کی آمد اور ملاقات پر شکریہ ادا کیا جبکہ سیاسی قائدین نے ملک بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے لئے نوازشریف کے جذبے اور سوچ کو بھی سراہا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















