Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی ترقی کیلئے عوام میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم مہیا کرنا ناگزیر ہے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کے لیے عوام میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم مہیا کرنا ناگزیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی صورتحال، طلباء کے لیے وظائف، ملک کی جامعات کی صورتحال اور دیگر امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تسلیم شدہ 259 اعلیٰ تعلیمی ادارے ہیں، گزشتہ برسوں میں پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی جامعات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس میں ملک کے تعلیمی شعبے میں پلیجرزم کے سد باب کے لیے تشکیل شدہ حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ نگران وزیراعظم کو اجلاس میں قومی اور بین الاقوامی وظائف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام سے لے کر اب تک پی ایچ ڈی کے بیس ہزار سے زائد وظائف فراہم کیے جا چکے ہیں۔

انوار الحق نے ملک میں عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تکنیکی اور سائنسی مضامین میں وظائف کی ترویج کی ہدایت کی۔

نگران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سرکاری وظائف کے ذریعے آنے والے نتائج کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے اور بیرون ملک زیر تربیت پاکستانی طلباء کے وظائف کی رقوم کے اجراء میں آنے والی رکاوٹوں کے سد باب کی ہدایت بھی کی۔

 انوار الحق نے متعلقہ حکام کو آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے تحقیق کی فنڈنگ کروانے کی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعظم نے صوبوں میں تعلیمی شعبے کے مالی مسائل حل کرنے کے حوالے سے تمام صوبائی حکام کا اجلاس منعقد کرانے کی بھی ہدایت کی۔

 نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے عوام میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم مہیا کرنا ناگزیر ہے، ہماری افرادی قوت ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہے اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے ذریعے ہم عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔

انوار الحق  نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے انسانی اور تکنیکی وسائل کی ترقی کے لیے ہمیں ملک میں سائنس اور انجینئرنگ  جیسے مضامین میں وظائف کو فروغ دینا ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق نے متعلقہ حکام کو ملک میں ہنر مند افرادی قوت بالخصوص نرسوں کے لیے تربیتی پروگرام تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، چئیرمن ہائیر ایجوکیشن کمیشن، سیکرٹری ایجوکیشن اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں