انوار الحق نے کہا ہے کہ مختصر مدت میں ایک ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو حاصل کر لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ازبکستان کے نائب وزیر اعظم ڈاکٹر جمشید خدجایو عبدوخاکومووچ نے سات رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت ، دفاع ، دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں نگراں وزیراعظم انوار الحق نے نائب وزیر اعظم اور ان کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کیا جبکہ انوار الحق نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع اور رابطوں کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
نگراں وزیراعظم نے اسلام آباد میں پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے وزرائے تجارت کے پہلے سہ فریقی اجلاس کے انعقاد کو بھی سراہا۔
سہ فریقی اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انوار الحق نے کہا کہ سہ فریقی طریقہ کار تینوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا۔
انوار الحق نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری مختصر وقت میں ایک ارب ڈالر کے باہمی تجارتی ہدف کو آسانی سے حاصل کر لے گی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تبادلوں اور تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان آسان ویزہ طریقہ کار اور بہتر بینکنگ چینلز سے تجارت کو مزید فروغ ملے گا۔
ازبک نائب وزیر اعظم نے ملاقات میں ان کی اور ان کے وفد کے پر تپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے امید بھی ظاہر کی کہ دونوں فریق ازبکستان،افغانستان،پاکستان ریلوے پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے فعال بات چیت جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں وزیر تجارت گوہر اعجاز کے علاوہ سیکرٹری تجارت، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
ازبکستان کے وفد میں وزیر ٹرانسپورٹ الخم مخکاموف رستمووچ، نائب وزیر سرمایہ کاری، صنعت و تجارت بدری الدین عابدوف، نائب وزیر خارجہ، بابور عثمانوف، سٹیٹ سکیورٹی سروس کے ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل فرخ مختارئوف اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر میجر جنرل فرخ مختاروف اویبیک عارف عثمانوف شامل تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















